غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، 4 فلسطینی شہید

غزہ: جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ سٹی کے ایک گنجان آباد رہائشی علاقے میں حملہ کیا، جہاں دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ مقامی امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والوں میں عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غزہ میں جاری کشیدگی کے دوران شہری آبادی مسلسل خوف و ہراس کا شکار ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ سال جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1000 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جس نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
عالمی انسانی حقوق تنظیمیں بارہا شہری علاقوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرچکی ہیں اور فوری جنگ بندی پر زور دے رہی ہیں۔ مبصرین کے مطابق مسلسل فضائی حملے خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بھی فضائی حملے کیے۔ ان حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جان سے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔












